کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان سپر لیگ اس سال بھارتی لیگ کے ساتھ ہورہی ہے،خدشہ ہے کہ دنیا کے کئی بڑے کھلاڑی پی ایس ایل کے لئے دستیاب نہیں ہوں گے۔ ایسے میں اتوار کو آئی پی ایل کیلئے جدہ میں نیلامی کی تقریب ہوئی، وکٹ کیپر رشبھ پنت نے تاریخ رقم کرتے ہوئے مہنگا ترین کھلاڑی ہونے کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ لکھنؤ سپر جائنٹس نے انہیں 32لاکھ ڈالر یعنی تقریباً 27 کروڑ بھارتی روپے کے عوض خرید لیا۔ یہ رقم پاکستانی کرنسی میں تقریباً 88کروڑ 81لاکھ روپے سے زائد بنتی ہے۔ اس سے چند منٹ قبل یہ ریکارڈ پنجاب کنگز کی جانب سے شریاس آئر نے31لاکھ 70ہزار ڈالر یعنی تقریباً26کروڑ 70لاکھ بھارتی روپے میں بنایا تھا ۔