لاہور (خصوصی رپورٹر) مارکیٹس کو 8 بجے اور ریسٹورنٹس کو رات 10 بجے کے بعد بند کروانے کے حکم پر عملدرآمد کیلئے ضلعی انتظامیہ متحرک، 6 دکانیں 6 ریسٹورنٹ اوقاتِ کار کی خلاف ورزی پر سیل کردیے گئے۔ اسسٹنٹ کمشنر ز نے اپنے اپنے علاقوں میں کارروائیاں کیں۔شالیمارزون میں 4 دکانیں ،صدرزون میںایک ڈیپارٹمنٹل سٹور ،ایک دکان اور 6 ریسٹورنٹ سیل ، ماڈل ٹاؤن ،اقبال ٹاؤن،نشتر زون،راوی زون اور واہگہ میں پابندیوں پر عملدرآمد یقینی بنایاگیا۔ ڈی سی موسیٰ رضا نےشہریوں سے سموگ کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کرنے ، غیر ضروری سفر سے اجتناب اور ماسک کا استعمال یقینی بنانے کی اپیل کی ہے، بچوں، بزرگوں اور بیمار افراد کو خاص طور پر اسموگ کے مضر اثرات سے محفوظ رکھیں۔انہوں نے کہا کہ فضائی آلودگی کے باعث شہریوں کی صحت کا خیال رکھنا اولین ترجیح ہے، تاجر برادری فضائی آلودگی کے اثرات کم کرنے میں تعاون کرے، صاف اور صحت مند ماحول کے لیے سخت اقدامات جاری ہیں،پابندیوں کی خلاف ورزی پر بلاامتیاز سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، شہری کسی بھی قسم کی متعلقہ معلومات کے حصول یا شکایت کی صورت میں ڈی سی آفس کنٹرول روم نمبر 03070002345 پر واٹس ایپ میسج یا ڈی سی آفس کے سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر میسج یا کمپلینٹ کی صورت میں رابطہ کر سکتے ہیں۔