• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گنڈاپور کی قیادت میں قافلہ 26 نمبر چونگی پہنچ گیا

اسلام آباد (نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)بانی پی ٹی آئی عمران خان کی کال پر تحریک انصاف کا مرکزی قافلہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور اور بشریٰ بی بی کی قیادت میں اسلام آباد کی جانب رواں دواں ہے جو اسلام آباد انٹرچینج کراس کر کے 26 نمبر چونگی پہنچ گیا جبکہ پولیس کی جانب سے مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے شدید شیلنگ کی گئی‘ اس سے قبل ضلع اٹک ہزارہ موٹر وے‘ غازی بروتھا پل اوردیگر مقامات پر دن بھر پولیس اور مظاہرین میں تصادم اورجھڑپیں جاری رہیں ‘پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی جبکہ مظاہرین نے پولیس پر پتھراؤکیا۔وزیراطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری کا کہناہےکہ مظاہرین کے تشددسے پولیس کانسٹیبل مبشرشہیدجبکہ 70اہلکار شدید زخمی ہوگئے ہیں جن میں سے 45کی حالت تشویشناک ہے۔ ذرائع کے مطابق چونگی نمبر26پر شر پسندوںنے رینجرز اور پولیس پر بِلا اشتعال شدید پتھراؤ اور فائرنگ کی جس سے رینجرزکا ایک سپاہی شدید زخمی ہوگیا جسے تشویش ناک حالت میں کمبائنڈ ملٹری اسپتال راولپنڈی منتقل کردیاگیا‘ذرائع کے مطابق شر پسند ہر طرح کے اسلحہ اور ہتھیاروں سے بھی لیس ہیں‘ ذرائع کے مطابق حکام کاکہنا ہے کہ شر پسند عناصر کی طرف سے قانون نافذ کرنے والے اداروں پر حملہ کسی طور برداشت نہیں کیا جائے گا‘تمام شر پسند عناصر کی نشاندہی جاری ہے اور ان عناصر کو قانون کے کٹہرے میں ہر صورت لایا جائے گا۔تفصیلات کے مطابق برہان انٹرچینج کے قریب ڈھوک گھر میں شب گزارنے کے بعدپی ٹی آئی کا قافلہ علی امین گنڈا پور کی قیادت میں پیرکو اسلام آباد کی جانب روانہ ہوا‘ عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی بھی قافلے میں شامل ہیں۔ دوسری جانب احتجاج کے پیش نظر راولپنڈی اسلام آباد میں راستوں کی بندش کی صورتحال برقرار ہے اور راولپنڈی کو اسلام آباد سے ملانے والے راستے مسلسل دوسرے روز بھی بند ہیںجبکہ جڑواں شہروں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کل بھی تعلیمی اداروں میں تدریس معطل رہےگی۔ دیگر علاقوں سے اسلام آباد کی طرف آنے والے تمام راستوں کی کڑی نگرانی کی جارہی ہے‘پنڈی اور اسلام آباد میں موبائل فونز پر انٹرنیٹ ڈیٹا بند ہے یا محدود رفتار سے چل رہا ہے۔ ادھرراولپنڈی میں پارٹی کی اعلیٰ قیادت کے خلاف پہلا مقدمہ تھانہ ٹیکسلا میں درج ہوگیا ہے، مقدمہ انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے، جس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان‘ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی ‘ علی امین گنڈاپور‘عارف علوی اور علیمہ خان سمیت متعدد رہنماؤں کو نامزد کیا گیا ہے۔

اہم خبریں سے مزید