کراچی( اسٹاف رپورٹر )ابراہیم حیدری کے قریب اسپیڈ بوٹ سمندر میں الٹنے سے2افراد ڈوب گئے، 4افراد ک بچا لیا گیا، ایک ہلاک دوسری کی لاش نہ مل سکی۔تفصیلات کے مطابق ابراہیم حیدری کے قریب سمندری جزیرے بنڈال پر واقع حضرت یوسف شاہ کے سالانہ عرس پر منعقدہ میلے کے آخری روز شرکت کے لیے گذشتہ رات ریڑھی گوٹھ سے بلال نامی شخص کی اسپیڈ بوٹ میں سوار 6 افراد ریڑھی سے روانہ ہوئے ۔مذکورہ افراد بنڈال جزیرے کے قریب پہنچے تو اسپیڈ بوٹ پرانے ٹاور کے ساتھ بنے ہوئے ایک کمرے سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں بوٹ میں سوار 6افراد سمندر میں ڈوب گئے۔ قریب سے گذرتی ہوئے کشتیوں میں موجود لوگوں نے پہنچ کر 4افراد حماد، پرویز، علی وقاص اور اس کے بیٹے کو زندہ بچا لیا جبکہ دو بھائیوں میں سے ایک نبیل ولد عرفان موقع پر ہلاک ہوگیا اور اس کا بھائی سمیر ولد عرفان تلاش کے باوجود نہ مل سکا جس کی تاحال تلاش جاری ہے۔ماہی گیروں کے مطابق عرفان نامی شخص کی کورنگی فش ہاربر پر مچھلیوں کی خرید و فروخت کی کمپنی ہے۔