کراچی (اسٹاف رپورٹر)ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو نے کہا ہے کہ پاکستان اور ترکیہ دو ملک ایک قوم کی حیثیت رکھتے ہیں ، ہماری محبت لفظوں کی محتاج نہیں ہے ،پاکستان کی ہر خوشی ہماری خوشی اور ہر غم ہمارا غم ہے اس کا اظہار لفظوں میں بیان نہیں کیا جا سکتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگلستان اسکاؤٹس ٹریننگ سینٹر میں ٹیکا ریسکیو ٹریننگ فیز تھری اور اربن ریسکیو ٹریننگ فیز ون کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن کے چیف پیٹرن محمد صدیق میمن نے کہا کہ میں سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور حکومت سندھ کی جانب سے اپنے برادر ملک ترکیہ کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہو ں نے اربن ریسکیو ٹریننگ فیز ون کیلئے پاکستان میں سندھ اسکاؤٹس کو منتخب کیا اور اس طرح ترکیہ کے ادارے آئی ایچ ایچ انہیں عالمی معیار کی ریسکیو کی تربیت فراہم کررہے ہیں، ترکیہ کے ادارے ٹیکا کے پاکستان میں سربراہ خلیل ابراہیم بصران کا کہنا تھا کہ انسانی جانوں کو بچانے کے اس راستے پر سندھ بوائے اسکاؤٹس ایسوسی ایشن اور ٹیکا کا سفر ایک ساتھ ہمیشہ جاری رہے گا ۔ صوبائی اسکاؤٹس سیکریٹری سید اختر میر نے کلمات استقبالیہ اداکرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر میں ریسکیو سروسز کے حوالے سے آئی ایچ ایچ ایک معروف ادارہ ہے جس کے ٹرینر ز سندھ کے اسکاؤٹس کو عالمی معیار کی تربیت فراہم کررہے ہیں جس پر میں ترکیہ کے کراچی میں قونصل جنرل جمال سانگو ، پاکستان میں ٹیکا کے سربراہ خلیل ابراہیم ، صوبائی اسکاؤٹ کمشنر سید ممتاز علی شاہ، چیف پیٹرن محمد صدیق میمن ،حکومت سندھ ،کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن اور قانون نافذ کرنےو الے اداروں کا شکریہ ادا کرتا ہوں،تقریب میں سینئر ڈائریکٹر میونسپل سروسزذوالفقار ابڑو، ریڈکریسنٹ سوسائٹی کے سیکریٹری کنور وسیم ، فائر آفیسر کراچی ہمایوں خان ، اخلاق احمد ، کمیونٹی پولیس کے چیف مراد سوہنی اور دیگر مہمان بھی شریک تھے۔