کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع، خواجہ آصف نے کہا ہے کہ اس وقت سارے کارڈ بشریٰ بی بی کے ہاتھ میں ہیں،سینئر صحافی و تجزیہ کار، عمر چیمہ نے کہا کہ حکومت نے اپنے آپ کو بہت ہی نالائق اور کمزور ثابت کیا ہے۔ انہوں نے خود ثابت کیا ہے کہ عمران خان جیل میں رہ کر بھی ان سے بہت زیادہ مضبوط ہیں۔سینئر صحافی و تجزیہ کار،منیب فاروق نےکہا کہ بشریٰ بی بی ایک انڈر اسٹینڈنگ کے تحت باہر آئی ہیں۔کچھ وعدے کرکے ان کو باہر نکالا گیا،لاجک یہ کہتی ہے کہ عمران خان کی رہائی اب ہونی چاہئے جیسے نواز شریف کے لئے راستہ نکلا تھا۔سینئر صحافی و تجزیہ کار، عاصمہ شیرازی نےکہا کہ بشریٰ بی بی کے ساتھ براہ راست بات کرنے کا فائدہ ہے ،یہ بشریٰ بی بی کی سیاسی لاؤنچنگ ہے۔وزیر دفاع، خواجہ آصف نے کہا کہ میرا خیال ہے سرپرائز نہیں ہے ۔ اسلام آباد میں جوہورہا ہے وہ کسی حد تک سرپرائز ہوسکتا ہے۔حکومت توقع کررہی تھی کہ اسلام آباد تک پہنچیں گے حکومت نے اپنی حکمت عملی اسی حساب سے بنائی ہوئی تھی۔ اس وقت فیصلہ کن صورتحال پیدا ہوگئی ہے۔مذاکرات کی جو کوشش ہوئی ہے اس کا کوئی نتیجہ نہیں نکلا۔موجودہ صورتحال میں بشریٰ بی بی فائدہ اٹھانے کی کوشش کریں گی۔حکومت کے پاس اب طاقت کے استعمال کے سوا کوئی چارہ نہیں رہے گا۔ پی ٹی آئی سمجھتی ہے اس وقت ڈی چوک کی طرف بڑھنے میں ہی فائدہ ہے۔پی ڈی ایم دور میں رانا ثناء نے طاقت استعمال کی تھی، بانی پی ٹی آئی واپس چلے گئے تھے۔حکومت کی طرف سے نظر آنا چاہئے کہ ہم نے ہر صورت میں دارالخلافہ کی حفاظت کرنی ہے۔انہوں نے ملک یا وقت کا لحاظ نہیں کیا ہے۔بشریٰ بی بی کو لیڈر بننے کا لائف ٹائم موقع ملا ہے۔پی ٹی آئی رہنماؤ ں نے نیک نیتی سے بات کی مگر بشریٰ بی بی پیچھے ہٹنا نہیں چاہتیں۔اس وقت سارے کارڈ بشریٰ بی بی کے ہاتھ میں ہیں۔ سینئر صحافی و تجزیہ کار، عمر چیمہ نے کہا کہ حکومت کی کوئی سمجھ نہیں آرہی۔ اتنے دنوں سے یہ بڑھکیں مار رہے ہیں ۔