اسلام آباد (این این آئی) چیف جسٹس یحییٰ آفریدی کی زیر صدارت جوڈیشل کمیشن اجلاس میں سندھ ہائیکورٹ میں آئینی بینچز کیلئے ججز کی نامزدگی پر غور کیا گیا۔ جوڈیشل کمیشن نے سندھ ہائی کورٹ میں آئینی بینچز کیلئے9ججز کی نامزدگی کردی، جس کے مطابق سندھ ہائی کورٹ کے جسٹس کے کے آغا آئینی بینچز اور آئینی کمیٹی کیسربراہ ہوں گے، آئینی کمیٹی جسٹس کے کے آغا کی سربراہی میں جسٹس عمر سیال، جسٹس محمد سلیم جیسر پر مشتمل ہوگی۔ذرائع کے مطابق آئینی بینچز کی تشکیل کیلئے جوڈیشل کمیشن میں اکثریتی رائے سے فیصلہ ہوا، آئینی بینچز کیلئے 9ججز کے حق میں11ووٹ آئے، جسٹس منصور علی شاہ جسٹس منیب اختر اور چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے اختلافی رائے دی۔ ذرائع کے مطابق آئینی بینچز کیلئے جسٹس ذوالفقار علی سانگی، جسٹس ارباب علی ہیکڑو، جسٹس یوسف علی سعید، جسٹس خادم حسین سومرو، جسٹس ثناء منہاس اکرام، جسٹس عبدالمبین لاکھو شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی نے حق یا مخالفت میں ووٹ نہیں دیا۔جوڈیشل کمیشن نے شبلی فراز اور عمر ایوب کا 2 گھنٹے تک انتظار کیا، شبلی فراز اور عمر ایوب 2 بجے تک سپریم کورٹ اسٹاف سے رابطے میں تھے۔