کراچی( ثاقب صغیر )ایف آئی اے نے سندھ کی شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کے آغاز پر نگرانی کے لئے ٹیمیں تعینات کردیں ۔سندھ کی 31 شوگر ملوں پر5فوکل پرسن بھی مقرر کردئیے گئے کراچی سے گیارہ افسران کا تبادلہ حیدرآباد زون میں شوگر ملوں کی نگرانی کے لئے کیا گیا ہے۔ایف آئی اے نے سندھ میں کرشنگ سیزن 2024-25 کے آغاز سے اختتام تک سیلز ٹیکس ایکٹ 1990کی سیکشن 40 بی کے تحت ان لینڈ ریونیو سروسز کے افسران کے ساتھ مل کر مجموعی طور پر سندھ میں قائم 31 شوگر ملوں پر آنے والے گنے اور کرشنگ کے بعد آنے والی ٹرالیوں اور بوریوں کی نگرانی کریں گے اور ریکارڈ کو یومیہ ایف آئی اے زونل آفس ارسال کیا جائے گا۔واضح رہے کہ ملک بھر کی شوگر ملوں کو ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم سے منسلک ہونے کے بعد کرشنگ سیزن کے آغاز سے اختتام تک ایف آئی اے اور ایف بی آر کے ان لینڈ ریونیو سروسز کے افسران نگرانی اور ریکارڈ مرتب کرنے کے لئے تعینات کئے جاتے ہیں ۔رواں سال کرشنگ سیزن کے آغاز پر ایف آئی اے زون ٹو نے قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر اینٹی منی لانڈرنگ سیل حیدرآباد نثار ساؤند ،قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم سرکل حیدرآباد شبیر اکبر یوسفانی،قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم سرکل میرپور خاص راشد بھٹی ،قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم سرکل لاڑکانہ مزمل احمد جتوئی اور قائم مقام ڈپٹی ڈائریکٹر کرائم سرکل شہید بے نظیر آباد افروز احمد کلوڑ کو فوکل پرسن تعینات کیا گیا ہے ۔ ایف آئی اے کراچی زونز سے دو انسپکٹر دو سب انسپکٹرز اور سات اسسٹنٹ سب انسپکٹرز کا تبادلہ کر کے ان کی خدمات ایف آئی اے حیدرآباد کے حوالے کی گئی ہیں جہاں سے انہیں شوگر ملوں میں کرشنگ سیزن کے دوران تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔