راولپنڈی(راحت منیر/اپنے رپورٹر سے) راستوں کی بندش کے باعث شہر فلتھ ڈپو میں تبدیل ہوگیا ۔جابجا گندگی کے ڈھیر لگے ہیں جو بکھر کر شہریوں کیلئے مسائل پیدا کررہا ہے۔ تعفن الگ پھیلا ہوا ہے۔ہائی کورٹ روڈ سمیت اندورن شہر راستوں کی بندش کے باعث راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی گاڑیاں کوڑا اٹھا نہیں کرپارہیں جبکہ کئی علاقوں میں سینٹری ورکرز بھی صفائی کیلئے نہیں پہنچ پائے۔شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ رات کے اوقات میں بند راستوں میں نرمی کرکے شہر بھر سے کوڑا کرکٹ اٹھانے کے آپریشن کا آغاز کیا جائے تاکہ ماحول کو پہنچنے والے نقصان کا ازالہ ہوسکے۔ادھرراولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے کہنا ہے کہ راستوں کی بندش کے باوجود اس کی ٹیمیں اپنے فرائض کی انجام دہی میں سرگرم ہیں۔ راستوں کی بندش کے باعث گاڑیوں کی نقل و حرکت شدید متاثر ہوئی ہے جس کی وجہ سے صفائی کے کام میں مشکلات کا سامنا ہے۔سی ای اورانا ساجد صفدر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موجودہ صورتحال میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں اور کوڑا کرکٹ کو کھلے عام پھینکنے سے گریز کریں۔