اسلام آباد(کامرس رپورٹر)مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صدر کاشف چوہدری نے کہا ہے کہ ملک بھر میں افراتفری ، بے یقینی سے عوام شدید ذہنی اذیت و پریشانی کا شکار ہیں ,ریاست پرامن طریقے سے مسائل کا حل نکالے اور فریقین حالات کو پرتشدد ہونے سے بچائیں ۔جاری بیان کے مطابق کاشف چوہدر ی نے کہا کہ راستوں کی بندش سے صنعتیں اور مارکیٹیں بند ہو چکی ہیں اور کاروباری پہیہ کے رکنے سے تاجر ہی نہیں دیہاڑی دار مزدور بھی فاقہ کشی پر مجبور ہوچکا ہے جڑواں شہروں سمیت ملک بھر میں اشیائے خورونوش کی قلت پیدا ہو رہی ہے۔ اسلام آباد سمیت ملک بھر کی سبزی و فروٹ منڈیاں بند پڑی ہیں جبکہ سبزیوں ، فروٹ ،دودھ اور اشیائے خوردونوش کے ٹرکوں میں سامان راستوں میں خراب ھو رھا اور گل سڑ رھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ر یاست پرامن طریقے سے ان مسائل کا حل نکالے اور فریقین حالات کو پرتشدد ہونے سے بچائیں ۔