• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

راستوں کی بندش،حوالاتی تیسرے روز بھی عدالتوں میں نہ لائے جا سکے

راولپنڈی (وسیم اختر ،سٹاف رپورٹر)پی ٹی آئی کے احتجاج کے باعث راستوں کی بندش اور قیدی وینوں کی عدم دستیابی سے 3دن سے حوالاتیوں کو عدالتوں میں پیش نہ کیاجاسکا۔جیل ذرائع کے مطابق سینٹرل جیل راولپنڈی سے روزانہ اوسطاً 500کے قریب حوالاتیوں کوپولیس گارد کے ذریعےمختلف عدالتوں میں پیشی کے لئے لے جاتا تھا۔راولپنڈی کی اڈیالہ جیل سے حوالاتیوں ا ور قیدیوں کوان کے کیسوں کی سماعت کے لئے لاہور ہائی کورٹ راولپنڈی بنچ ،اسلام آباد ہائی کورٹ ، اسلام آباد ضلع کچہری ،راولپنڈی ضلع کچہری ،چکوال ضلع کچہری ،مری ضلع کچہری ،گوجر خان ،ٹیکسلا،کہوٹہ ،کلرسیداں کی تحصیل کچہریوں میں لے جایاتھا۔راولپنڈی پولیس کے پاس اسیروں کو عدالتوں میں لے جانے کے لئے 16پریژن وین ہیں جن میں سے 2خراب ہیں ،جب کہ اسلام آباد پولیس کے اسیروں کو لے جانے کے لئے ان کی اپنی پریژن وینز ہیں ۔ پی ٹی آئی کے احتجاج کے دوران تمام پریژن وینز ضلعی پولیس استعمال کررہی ہے اس دوران ہفتہ ،پیر اور منگل کو اڈیالہ جیل سے حوالاتیوں کو عدالتوں میں نہیں لے جایاجاسکا۔جیل حکام کے مطابق آج بدھ کو بھی حوالاتی پیشی پر نہ جاسکیں گے۔ذرائع کاکہنا ہے اس دوران صرف خصوصی عدالتوں اور احتساب عدالتوں کے بعض حوالاتی ہی جیل سے پیشی کے لئے باہر جاسکے ہیں ۔
اسلام آباد سے مزید