پشاور(ارشدعزیزملک) اسلام آباد میں حالیہ احتجاج کے دوران مظاہرین پر مبینہ طور پر سرکاری آنسو گیس شیل استعمال کیے جانے کی اطلاعات سامنے آنے کے بعد خیبر پختونخوا پولیس کے انسپکٹر جنرل اخترحیات گنڈاپور نے اس معاملے کی تفصیلی جانچ پڑتال کا فیصلہ کیاہے۔ ذرائع کے مطابق پولیس نے اے آئی جی لوجسٹک کی سربراہی میں ایک خصوصی ٹیم تشکیل دے دی ہے جو اس معاملے کی تحقیقات کرے گی۔ذرائع کے مطابق اس ٹیم کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ پولیس کے پاس موجود آنسو گیس شیل کے ذخیرے کی مکمل جانچ کرے اور اس ڈیٹا کا موازنہ سی پی او اور ریجنل پولیس دفاتر کے پاس موجود سٹاک کے ڈیٹا سے کرے۔یہ فیصلہ میڈیا اور سوشل میڈیا پر آنے والی خبروں کے بعد کیا گیا ہے، جن میں یہ دعویٰ کیا گیا تھا کہ احتجاج کے دوران استعمال ہونے والے شیل خیبر پختونخوا پولیس کے ذخیرے کا حصہ تھے۔ٹیم کے کام کا دائرہ کار یہ ہوگا کہ وہ نہ صرف شیل کے موجودہ ذخیرے کا جائزہ لے بلکہ گزشتہ کچھ عرصے میں جاری کیے جانے والے شیل کی تفصیلات بھی اکٹھی کرے۔