اسلام آباد( صالح ظافر) پاکستان پریس کونسل (پی سی پی) کے چیئرمین نے منگل کے روز پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے مظاہرین کی جانب سے میڈیا ہاؤسز اور صحافیوں، بشمول نیشنل پریس کلب (این پی سی)، اسلام آباد پر تشدد آمیز کارروائیوں کی سخت مذمت کی ہے۔ چیئرمین ایم ارشد خان جدون نے ان واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں میڈیا اداروں اور صحافیوں پر حملوں کو آزادی صحافت اور صحافتی دیانت داری کی کھلی خلاف ورزی قرار دیا۔ انہوں نے کہا، "کسی کو بھی کسی بھی صورت میں میڈیا پیشہ ور افراد یا اداروں کو دھمکانے یا نقصان پہنچانے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔"اس حملے میں 50سے 60مظاہرین کے ایک گروپ نے نیشنل پریس کلب میں زبردستی داخل ہونے کی کوشش کی۔ رپورٹس کے مطابق، انہوں نے گیٹ کو توڑنے کی کوشش کی، عملے کو ہراساں کیا، اور عمارت کی دیواریں پھلانگیں۔