لاڑکانہ (بیورو رپورٹ، ایجنسیاں) جے یو آئی (ف) کے امیر مولانا فضل الرحمٰن نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف رابطے میں رہے تو کردار ادا کرسکتا ہوں، جو کچھ ہوا اس کی وجہ ووٹ کی چوری ہے، ملک میں کوئی حکومت نہیں ہے، اسلام آباد میں پرتشدد واقعات کی مذمت کرتا ہوں، حکومت بانی پی ٹی آئی کو جیل میں رکھنے اور وہ باہر نکالنے کی ضد میں رہے تو ملک میں انارکی ہوگی۔ ہدھ کی سہ پہر جے یو آئی کے صوبائی دفتر میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر جے یو آئی کے صوبائی سیکرٹری جنرل راشد محمود سومرو اور دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔ مولانا فضل الرحمن نے کچھی کینال منصوبے پر کہا کہ ہم سب ایک قوم اور ملک ہیں، معاملات اتفاق رائے سے ہونا ضروری ہے، ہماری جماعت روز اول سے صوبائی خودمختاری کی قائل ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبوں کے ساتھ مشاورت کر کے ہی ایسے معاملات پر اقدامات کرنا چاہیں اور کسی بھی صوبے کو احتجاج پر مجبور نہیں کیا جانا چاہیے۔