اسلام آباد (صالح ظافر) یو اے ای کا 53 ویں قومی دن کی یاد میں استقبالیہ ملتوی، پی ٹی آئی احتجاج کے باعث استقبالیہ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی، اب 17دسمبر کو ہوگا۔اس سے قبل عمان کا سفارتخانہ بھی اپنی استقبالیہ کی تقریب منسوخ کرچکا ہے۔ تفصیلات کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے سفیر حماد عبید ابراہیم الزابی نے اپنے ملک کے 53 ویں قومی دن کی یاد میں استقبالیہ ملتوی کرنے کا اعلان کیا ہے، جو اگلے ہفتے منایا جا رہا ہے۔ متحدہ عرب امارات کے مشن کے مطابق استقبالیہ آج (جمعہ) کو سرینا ہوٹل اسلام آباد میں ہونا تھا لیکن علاقے میں ہونے والی پیش رفت کی وجہ سے اسے ری شیڈول کر دیا گیا ہے۔ استقبالیہ 17 دسمبر بروز منگل اور پہلے دیے گئے وقت کے مطابق ہوگا۔