• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاپا کی صحافی مطیع اللّٰہ جان کی گرفتاری کی شدید مذمت

سینیئر صحافی مطیع اللّٰہ جان — فائل فوٹو
سینیئر صحافی مطیع اللّٰہ جان — فائل فوٹو

پاکستانی امریکن پریس ایسوسی ایشن (پاپا) نے پاکستان میں صحافت کی آزادی پر بڑھتے ہوئے حملوں، سینئر صحافی مطیع اللّٰہ جان کی حالیہ گرفتاری کی شدید مذمت کی ہے۔

‎ایسوسی ایشن کی جانب سے جاری کردہ پریس ریلیز میں پاپا کے جنرل سیکریٹری یوسف چوہدری نے ان اقدامات کو بنیادی انسانی حقوق کی کھلی خلاف ورزی اور صحافتی آزادی پر حملہ قرار دیا ہے۔ 

بیان میں کہا گیا ہے کہ صحافیوں کو منظم انداز میں نشانہ بنانا، ان کی گرفتاری، اغواء اور دھمکیوں کے ذریعے خوفزدہ کرنا شفافیت، احتساب اور جمہوری معاشرے کے بنیادی اصولوں کو کمزور کرتا ہے۔

‎ایسوسی ایشن نے تمام گرفتار صحافیوں کی فوری رہائی اور اغواء شدہ میڈیا پروفیشنلز کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا ہے۔ 

پاپا نے پاکستانی حکومت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صحافیوں کے تحفظ کے لیے ٹھوس اقدامات کرے اور ان خلاف ورزیوں کے ذمے داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ ہم مطیع اللّٰہ جان، ان کے خاندان اور ساتھیوں کے ساتھ مکمل یک جہتی کا اظہار کرتے ہیں اور ان تمام صحافیوں کے ساتھ کھڑے ہیں جو خطرات اور ہراسگی کے باوجود اپنے ضروری فرائض سر انجام دے رہے ہیں۔

‎پاپا نے اس بات پر زور دیا ہے کہ صحافت کی آزادی جمہوریت کی صحت کے لیے ضروری ہے۔

خاص رپورٹ سے مزید