برسلز ( حافظ اُنیب راشد ) پاکستان کی سفیر آمنہ بلوچ نے گزشتہ روز بیلجیم کے دارالحکومت برسلز میں منعقد "دو ریاستی حل کے نفاذ کے لیے عالمی اتحاد" کے دوسرے اجلاس میں شرکت کی۔ پاکستانی سفارتی ذرائع کے مطابق اس فورم سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری خارجہ نے غزہ میں مکمل جنگ بندی کا مطالبہ کیا۔ اس کے ساتھ ہی مسئلہ فلسطین کے حل کے لیے ایک جامع نقطہ نظر پیش کرتے ہوئے انہوں نے فلسطین کی بطور ایک ایسی خود مختار ریاست کے قیام کی بھر پور حمایت کی جس کی سرحدیں 1967سے پہلے والی ہوں اور القدس الشریف اس کا دارالحکومت ہو ۔ اس کے ساتھ ہی انہوں نے اقوام متحدہ میں فلسطین کی مکمل رکنیت کا بھی مطالبہ کیا۔