• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں تربیتی ورکشاپ ختم

لاہور (کورٹ رپورٹر) پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں محکمہ مال سے متعلقہ کاغذات کے مطالعہ و تجزیہ کے موضوع پر چھ روزہ تربیتی ورکشاپ ختم ہوگئی ۔ ورکشاپ کے اختتامی سیشن کی صدارت اکیڈمی کے ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن محمد حفیط اللہ خان نے کی، جبکہ اس موقع پر ڈائریکٹر ریسرچ بشریٰ زمان، ڈائریکٹر پروگرام منصور احمد خان، ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ اینڈ پراجیکٹ ارم ایاز اور اکیڈمی کے سینیئر انسٹرکٹرز عائشہ خالد اور محمود اعظم بھی موجود تھے۔ ورکشاپ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حفیظ اللہ خان نے کہاکہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی میں موثر و منفرد موضوعات پر تربیتی کورسز کا اہتمام چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ اور ڈی جی پنجاب جوڈیشل اکیڈمی کا ویژن ہے۔ حفیظ اللہ خان کا مزید کہنا تھا کہ انصاف کرنا اللہ تبارک وتعالیٰ کی صفت ہے۔ بیشک انصاف کے منصب پر بیٹھا ہر فرد اللہ تعالٰی کے سامنے جوابدہ ہے اور بلاجھول میرٹ و انصاف پر فیصلے کرنے والے ججز اللہ تعالیٰ کے انعام سے مستفید ہونگے۔انہوں نے امید کا اظہار کیا کہ جوڈیشل افسران تربیتی کورسز کو اپنی عدالتی کارروائی کا حصہ بنائیں گے تاکہ عام سائلین کے لئے آسانیاں پیدا کی جا سکیں۔ ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب جوڈیشل اکیڈمی حفیظ اللہ خان نے جوڈیشل افسران کو مزید ہدایت کہ وہ فریقین کو تحمل سے سن کر میرٹ و انصاف پر مبنی فیصلے کریں۔ قبل ازیں تربیتی پروگرام مکمل کروانے والے شرکاء کی نمائندہ ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عبدالحفیظ بھٹہ نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب جوڈیشل اکیڈمی نے ہمیشہ موثر اور منفرد موضوعات پر سیر حاصل تربیتی کورس کروانے کی اپنی روایت کو برقرار رکھا ہے ۔ انہوں نے ادبی نشست "نامور" کے انعقاد کی بھی بہت تعریف کی اور سراہا۔ چھ روزہ تربیتی کورس میں 16 جوڈیشل افسران بشمول ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن ججز، سینیئر سول ججز اور سول ججز نے شرکت کی۔ ایڈوائزر و ڈائریکٹر ایڈمن پنجاب جوڈیشل اکیڈمی محمد حفیظ اللہ خان نے تربیتی کورس مکمل کرنے والے جوڈیشل افسران میں اسناد بھی تقسیم کیں۔
لاہور سے مزید