بے مثال دھنوں کے خالق معروف موسیقار نثار بزمی کے مداح آج ان کا 100 واں یوم پیدائش منا رہے ہیں۔
نثار بزمی یکم دسمبر 1924ء کو صوبہ مہاراشٹر کے ضلع خان دیش کے ایک گاؤں میں پیدا ہوئے تھے اور ان کا اصل نام سید نثار احمد تھا۔
اُنہوں نے اپنے کیریئر کے آغاز میں آل انڈیا ریڈیو میں چند سال میوزک کمپوزر کی حیثیت سے کام کیا اور پھر 1946ء میں فلم ’جمنا پار‘ سے فلم نگری میں اپنا سفر شروع کیا۔
نثار بزمی تقسیمِ ہند کے بعد 15 برس تک ہندوستان کی فلم انڈسٹری سے وابستہ رہے اور پھر پاکستان آگئے۔
اُنہوں نے پاکستانی فلم انڈسٹری میں فضل احمد کریم فضلی کی فلم ’ایسا بھی ہوتا ہے‘ سے اپنے کام کا آغاز کیا۔
نثار بزمی نے متعدد لازوال گیتوں کی دھنیں ترتیب دیں جنہیں اپنے وقت کے مشہور و معروف گلوکاروں نے گایا۔
اُنہیں پاکستان شوبز انڈسٹری کے لیے اپنی خدمات انجام دینے پر حکومتِ پاکستان کی جانب سے پرائیڈ آف پرفارمنس کے اعزاز سے بھی نوازا گیا تھا۔