جنوبی کوریا 10 فیصد سے زیادہ روبوٹ ملازمین رکھنے والا دنیا کا پہلا ملک بن گیا۔
ورلڈ روبوٹکس 2024 کے سالانہ سروے کے مطابق جنوبی کوریا فیکٹریوں میں ہر 10 ہزار ملازمین میں1 ہزار 102 روبوٹس کو ملازمت پر رکھنے کے بعد اب دنیا میں سب سے زیادہ روبوٹ ملازمین رکھنے والا ملک بن گیا ہے۔
جنوبی کوریا نے اب اسپتالوں اور ریسٹورنٹس میں بھی روبوٹ متعارف کروا دیے ہیں۔
یہ جنوبی کوریا کی حکومت کی جانب سے روبوٹکس انڈسٹری میں بڑے پیمانے پر کی گئی سرمایہ کاری کا نتیجہ ہے جو کہ ملک میں آبادی میں کمی آنے کی وجہ سے درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے کی گئی ہے۔
بین الاقوامی فیڈریشن آف روبوٹکس (آئی ایف آر) کی جانب سے پیش کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2018ء کے بعد سے جنوبی کوریا میں ہر سال روبوٹس کی تعداد میں اوسطاً 5 فیصد اضافہ ہوا ہے۔
محققین کے مطابق عالمی سطح پر روبوٹس کی اوسط تعداد پچھلے 7 سالوں کے دوران دگنی سے بھی زیادہ ہو گئی ہے جو کہ ہر 10 ہزار ملازمین میں 74 سے بڑھ کر 162 یونٹس تک پہنچ گئی ہے۔