پاکستان کے سب سے بڑے شہر کراچی کا فضائی معیار آج انتہائی درجے تک مضرِ صحت ہے۔
بین الاقوامی ویب سائٹ ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق کراچی آلودہ ترین شہروں میں آج تیسرے نمبر پر ہے۔
کراچی کی فضا میں آلودگی 215 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ کی گئی ہے۔
لاہور آلودہ ترین شہروں میں سرِ فہرست ہے جہاں کی فضا میں آلودگی 303 پرٹیکیولیٹ میٹر ریکارڈ ہوئی ہے۔
اس فہرست میں بھارتی دارالحکومت دہلی 254 پرٹیکیولیٹ میٹر آلودگی کے ساتھ دوسرے نمبر پر جبکہ بھارتی شہر مبمئی 175 پرٹیکیولیٹ میٹر آلودگی کے ساتھ چوتھے نمبر پر موجود ہے۔
ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے، 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہوتی ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔
دوسری جانب کراچی میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور رات میں موسم خنک رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کے مطابق کراچی میں آج کم سے کم درجۂ حرارت 17.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہرِ قائد میں کم سے کم درجۂ حرارت 17سے 19 ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے۔
محکمۂ موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں شمال مشرق کی سمت سے ہلکی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب58 فیصد ریکارڈ ہوا ہے۔