کراچی (اسٹاف رپورٹر) انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم دبئی میں انڈر 19 ایشا کپ میں نوجوان بیٹر شاہ زیب خان نے بھارت کے بعد مسلسل دوسرے میچ میں سنچری بنادی ۔ انہوں نے136گیندوں پر132رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور گیارہ چوکے شامل تھے۔ پاکستان نے یو اے ای کو69 رنز سے شکست دے کر سیمی فائنل کیلئے کوالیفائی کرلیا۔ محمد ریاض اللہ نے91گیندوں پر106رنز تین چھکے اور9چوکوں کی مدد سے بنائے ۔ ہوم ٹیم نے ٹاس جیت کربولنگ کا فیصلہ کیا ۔ پاکستان ٹیم نے پچاس اوورز میں تین وکٹ پر 314 رنز بنائے ۔ جواب میں یواے کی ٹیم مطلوبہ ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہی اور آٹھ وکٹوں کے نقصان پر 245 رنز بنا سکی۔ ایتھن ڈیسوزا84 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ پاکستان کی جانب سے عبدالسبحان نے چھ وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین پلیئر قرار پائے ۔ ادھر شارجہ میں بھارت انڈر-19نے جاپان کو 211رنزسے شکست دے دی۔ 340رنز ہدف کے تعاقب میں ناکام ٹیم 8 وکٹ پر 128رنزبناسکی۔ ہیگو کیلی 50 رنزبناکرنمایاں رہے۔ بھارت کے ہاردک راج ، چیتن شرما اور کارتھیکیا کی دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ بھارتی انڈر-19 نے پہلے بیٹںگ میں 6وکٹ پر 339رنزبنائے تھے۔ کپتان محمد امان نے 122رنزکی ناقابل شکست اننگزکھیلی ۔ گروپ اے سے پاکستان کے علاوہ دوسری سیمی فائنلسٹ ٹیم کا فیصلہ ہونا باقی ہے۔ بھارت انڈر-19 اوریواے ای انڈر-19 کے درمیان میچ کی فاتح ٹیم سیمی فائنل میں پہنچے گی ۔ گروپ بی سے سری لنکا اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں سیمی فائنل میں پہنچ چکی ہیں۔