کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ نے عدالت عالیہ کے ریگولر بینچز کے دائرہ اختیار پر پہلا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا۔ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ جسٹس محمد شفیع صدیقی نے ریمارکس دیئے کہ ہائی کورٹ کے ریگولر بینچز سے متعلق پہلا تفصیلی فیصلہ جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے ہدایت کی کہ اس فیصلے کی روشنی میں اپنے کیسز کی حدود کے دائرہ کار کا جائزہ لے کر خود فیصلہ کریں۔ عدالت نے علاج کے لئے بیرون ملک سفر کرنے کی اجازت کے کیس کی سماعت بھی موخر کردی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فیصلہ ابھی تک ویب سائٹ پر بھی نہیں آیا، ہم کیسے جائزہ لیں۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ کچھ دیر انتظار کریں، تفصیلی فیصلہ آپ کو مل جائیگا۔ وکیل نے کہا کہ درخواست گزار نظار علی فزوانی علاج کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں۔ درخواست گزار کے خلاف نیب میں ریفرنس زیر سماعت ہے۔ ملزم کی عمر 82 سال ہے، ایک بار سفر کی اجازت دی جائے۔ عدالت نے ریمارکس دیئے کہ یہ ہمارے دائرہ اختیار میں آتا ہے؟ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ رٹ قانون کی تحت آئینی بینچ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے۔ عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ آپ خود کہہ رہے ہیں آئینی بینچ کے دائرہ اختیار میں آتا ہے، ہم کیا کریں؟ ہم نے ہائی کورٹ کے ورک اسائنمنٹ سے متعلق آرڈر جاری کیا ہے۔