کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما پی ٹی آئی، شیر افضل مروت نےکہا ہے کہ بشریٰ بی بی کی بہن، مشال یوسف زئی کا جو بیانیہ سامنے آرہا ہے وہ سنگین ہے، ہماری توپوں کا رخ ظلم و زیادتی کرنے والوں کی طرف ہونا چاہئے تھا،کسی بھی ریاستی اداروں کو عوام پر فائرنگ کا اختیار نہیں۔انہوں نے قتل عام کیا،میزبان شاہ زیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کی فائنل کال پر ناکام دھرنے کے بعد تحریک انصاف سیاسی طور پر شدید مشکلات کا شکار ہوگئی ہے۔ پارٹی کی سیاسی حکمت عملی کو نقصان پہنچ رہا ہے ۔ پی ٹی آئی کی جارحانہ سیاست کا مومینٹم فی الحال ٹوٹ گیا ہے۔ سینئر رہنما پی ٹی آئی، شیر افضل مروت نےکہا کہ بشریٰ بی بی کی بہن، مشال یوسف زئی کا جو بیانیہ سامنے آرہا ہے وہ سنگین ہے۔بشریٰ بی بی کی بہن نے الزام لگایا کہ بشریٰ بی بی کو اغوا کرلیا گیا ہے۔یہ بڑا سنجیدہ الزام تھا پی ٹی آئی میں بانی کی زوجہ کے ساتھ اس قسم کے رویئے کا کوئی تصور نہیں کرسکتا ہے۔یہ کہنا کہ لیڈرز کی لاشیں کیوں نہیں گریں، گولی نے تو تمیز نہیں کرنی تھی۔پی ٹی آئی کے کچھ لوگوں کے رابطے ایجنسیوں کے سابق کارندوں سے ہیں۔مشال کا کہنا ہے کہ وہ جو بھی بیان دے رہی ہیں بطور ترجمان دے رہی ہیں۔لیڈر شپ کو برا بھلا کہنے سے بے بسی اور مایوسی پھیل رہی ہے۔پارٹی کے لوگوں نے کیا کیا تکالیف نہیں برداشت کیں۔ہر وقت کے طعنے ، شکوے اور الزاما ت لوگوں کا حوصلہ توڑ رہے ہیں۔ہماری توپوں کا رخ ظلم و زیادتی کرنے والوں کی طرف ہونا چاہئے تھا۔