اسلام آباد(صالح ظافر) سابق کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) محمد عامر کو قطر میں پاکستان کا نیا سفیر نامزد کیا گیا ہے، جبکہ سوئٹزرلینڈ، نیدرلینڈز، فلپائن، انڈونیشیا، مراکش، بیلاروس اور مصر سمیت سات اہم ممالک میں بھی پاکستان کے نئے سفیروں کی تقرری کی گئی ہے۔برسلز، جہاں یورپی یونین اور بیلجیم کے لیے سفارتخانہ قائم ہے، اور وارسا (پولینڈ) جیسے اہم مقامات پر کئی ماہ سے سفیر کی نشستیں خالی ہیں۔ برسلز کی نشست اس وقت خالی ہوئی جب موجودہ سیکرٹری خارجہ محترمہ آمنہ بلوچ نے تین ماہ قبل عہدہ چھوڑا اور گزشتہ اگست میں موجودہ دفتر میں تعیناتی کے بعد 11 ستمبر کو دفتر سنبھالا۔ متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کوبرسلز میں یورپی یونین اور بیلجیم کے لیے سفیر مقرر کیا گیا تھا، لیکن یورپی ہیڈکوارٹر میں ان کی تعیناتی آخری وقت میں بغیر کسی وجہ کے واپس لے لی گئی، جب وہ اپنے عہدے پر جانے کے قریب تھے۔