کراچی( سید محمد عسکری) آئی بی اے سکھر کے وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ نے سندھ میں ایم ڈی کیٹ کے ٹیسٹ کے انعقاد میں غیر جانبداری اور شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے ایف آئی اے، صوبائی محکمہ صحت اور پی ایم اینڈ ڈی سی سے مدد مانگ لی ہے۔ تینوں اداروں کو علیحدہ علیحدہ خط لکھے گئے جن میں ان سے ٹیسٹ مراکز کیلئے 18گریڈ کے سات افسران نامزد کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔ وائس چانسلر ڈاکٹر آصف شیخ نے ایف آئی اے کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل، پی ایم اینڈ ڈی سی امتحانات کے سربراہ ڈاکٹر امداد علی خشک، ڈپٹی سکریٹری محکمہ صحت ذوہیب حسن شیخ سے خط میں کہا ہے کہ آئی بی اے سکھر آپ سے درخواست کرتا ہے کہ وہ ٹیسٹ کا مشاہدہ کریں اور امتحانی عمل کی دیانت کو برقرار رکھنے میں ہماری مدد کریں۔ خط میں مذید کہا گیا ہے کہ ہر امتحانی مرکز کے لیے سات (07) افسران کو نامزد کریں، ترجیحاً (BPS-18) گریڈ سے کم نہیں، امتحان کے دن امتحانی مراکز کا دورہ کریں۔ خط میں کہا گیا ہے کہ آپ کی شرکت اس اہم امتحان کی ساکھ اور آسانی سے انجام دہی میں بہت زیادہ تعاون کرے گی۔ رابطہ کاری کی سہولت کے لیے برائے مہربانی نامزد افسران کی تفصیلات اپنی جلد سے جلد ہمارے ساتھ شیئر کریں۔ آئی بی اے آپ کے مثبت جواب اور قابل قدر تعاون کا منتظر ہے۔ اگر آپ کو کسی اضافی معلومات یا وضاحت کی ضرورت ہو تو براہ کرم بلا جھجھک رابطہ کریں۔ خط میں بتایا گیا ہے کہ مجموعی طور پر 38,683 امیدوار اس ٹیسٹ میں حصہ لیں گے، جو سندھ کے (05) پانچ ڈویژنوں کے چھ (06) شہروں میں منعقد ہوگا۔ تمام درخواست دہندگان کے لیے سہولت اور رسائی کو یقینی بنانے کے لیے یہ ٹیسٹ نامزد مراکز پر منعقد کیا جائے گا۔ شہروں اور مراکز کا انتخاب شفافیت کو برقرار رکھنے اور ہموار عمل کو یقینی بنانے کے لیے کیا گیا ہے۔ یہ ٹیسٹ اتوار 8 دسمبر کو کراچی میں صبح 9:00 بجے سے دوپہر 3:00 بجے تک دو جگہ جامعہ کراچی اور این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی میں ہوگا جب کہ اندرون سندھ حیدرآباد میں پبلک سکول حیدرآباد، لطیف آباد یونٹ نمبر 03، لطیف آباد، جامشورو میں مہران یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی، نوابشاہ میں قائد عوام یونیورسٹی آف انجینئرنگ، سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی، لاڑکانہ میں پولیس ٹریننگ اسکول لاڑکانہ اور سکھر میں آئی بی اے پبلک اسکول گیٹ نمبر 3 میں ہوگا۔