اسلام آباد( این این آئی)حکومت کی جانب سے تین بہترین کارکردگی دکھانے والی پاور ڈسٹری بیوشن کمپنیوں کی نجکاری کے لیے اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔ڈسکوز کی نجکاری کے عمل کو تیز کرنے کے لیے خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل ( ایس آئی ایف سی) کو مرکزی کردار دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ابتدائی طور پرحکومت کے ما تحت 52فیصد آئی پی پیز میں سے اسلام آباد، گوجرانوالہ اور فیصل آباد کی ڈسکوز کی نجکاری کا فیصلہ کیا گیا۔نجکاری کے عمل کوکامیاب بنانے کے لیے اسٹیئرنگ کمیٹی کی تشکیل کے ذریعے سنجیدہ اقدامات کیے جارہے ہیں،اسٹیک ہولڈرز کو آگاہ کرنے اور خدشات دور کرنے کے لیے جامع حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے ۔ کمیٹی کی جانب سے ممکنہ خطرات اور چیلنجز کی پیشگی نشاندہی سے نجکاری کی کامیابی کے امکانات بڑھیں گے،کمیٹی ہفتہ وار پیشرفت کی رپورٹیں فراہم کر کے نجکاری کے عمل میں شفافیت اور جوابدہی کو یقینی بنا رہی ہے۔