اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی ) وفاقی محتسب انسداد ہراسیت فوزیہ وقار نے وفاقی اردو یونیورسٹی کے بزنس ایڈ منسٹریس شعبے کے سربراہ کو خاتون لیکچرار کو ہراساں کرنے پر نوکری سے برطرف اور10لاکھ روپے جرمانہ کی سزا کا حکم سنایا۔وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت(فوسپا) نے عروج ملک بنام ڈاکٹر حافظ اسحاق کے کیس میں ایک تاریخی فیصلہ دیا ،وفاقی محتسب برائے انسداد ہراسیت نے ملزم کو اس کے عہدے سے برخاست کرنے کا حکم دیا اور ملزم پر 10 لاکھ روپے کا جرمانہ عائد کیا ، جس میں سے 8 لاکھ روپے شکایت کنندہ کو اور 2 لاکھ روپے ریاستی خزانے کو ادا کیے جائینگے ۔ وفاقی اردو یونیورسٹی آف سائنس و ٹیکنالوجی کی خاتون لیکچرر عروج ملک نے محکمہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے سربراہ ڈاکٹر حافظ اسحاق کیخلاف باضابطہ شکایت درج کروائی ، جس میں کئی سال تک بار بار جنسی ہراسانی کا حوالہ دیا گیا اس مسئلے کو غیر رسمی طور پر حل کرنے کی کوششوں کے باوجود ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رہا ، جس سے عروج ملک کو قانونی نظام کے ذریعے انصاف حاصل کرنے پر مجبور کیا گیا ،انکوائری کمیٹی عروج ملک کی شکایت کو مناسب طریقے سے حل کرنے میں ناکام رہی،انکوائری کے عمل میں کارروائی اور اعتماد کی کمی سے ناخوش عروج ملک نے فوسپا سے رابطہ کیا ۔