• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈیلس: نصیبو لعل کے کنسرٹ میں سندھی کلچرل ڈے کا جشن


امریکی شہر ڈیلس میں پاکستان کی معروف لوک گلوکارہ نصیبو لعل کے شاندار کنسرٹ کے دوران سندھ کلچرل ڈے بھرپور انداز میں منایا گیا۔

نجی انٹرٹینٹمنٹ ادارے کی جانب سے منعقدہ کنسرٹ میں معروف بزنس مین غلام نبی کلوڑ بھی نصیبو لعل کے ہمراہ شریک تھے، پروگرام کی نظامت کے فرائض ناہید راحیل نے انجام دیے۔

اس موقع پر گلوکارہ نصیبو لعل نے سندھ کلچرل ڈے کی خوشی میں اپنا مشہور سندھی گیت ’سندھ میں اوھاں جا لگا، خوب نعرہ قلندر پیارا‘ پیش کیا تو حاضرین نے بھرپور داد دی۔

نصیبو لعل کی پرفارمنس نے شرکاء کو جھومنے پر مجبور کر دیا۔

’جیو نیوز‘ سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے نصیبو لعل نے کہا کہ کنسرٹ کے دوران سندھی کلچر ڈے منانا میرے لیے نہایت خوشی کا لمحہ تھا۔ 

انہوں نے کہا کہ سندھ پاکستان کا ثقافتی سرمایہ ہے اور مجھے فخر ہے کہ میں نے سندھی زبان میں کئی گانے گائے ہیں، آج کے شو میں حاضرین نے جس محبت کا مظاہرہ کیا ہے وہ میرے لیے اعزاز ہے۔

گلوکارہ نے کہا کہ پاکستانی پروموٹرز امریکا میں پاکستانی کلچر کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں، یہی لوگ ہیں جو ہمیں یہاں لے کر آتے ہیں اور سامعین سے جوڑتے ہیں، ورنہ یہ ممکن نہ ہوتا۔

نصیبو لعل نے بتایا کہ میرے امریکا میں مزید شوز بھی ہو رہے ہیں اور میں یہاں کی محبت اور مہمان نوازی سے بے حد متاثر ہوئی ہوں۔ 

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ یہ سب لوگوں کی محبت اور مہربانی ہے، میں اپنے سننے والوں کی بے حد شکر گزار ہوں جو اتنی دور سے میری پرفارمنس دیکھنے آئے۔

تقریب میں لندن سے نصیبو لعل کی ٹیم کے رکن چوہدری انوار بھی موجود تھے، جنہوں نے اس شاندار پروگرام کا حصہ بن کر خوشی کا اظہار کیا۔

ڈیلس میں ہونے والا یہ کنسرٹ ناصرف موسیقی بلکہ پاکستانی ثقافت کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کا ایک خوبصورت موقع تھا، جس نے حاضرین کے دلوں میں خوشی اور فخر کا احساس جگا دیا۔

خاص رپورٹ سے مزید