کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیر اعظم شہباز شریف، گورنر سندھ کامران ٹیسوری اور پی سی بی چیئرمین محسن نقوی نے بلائنڈ ورلڈ کپ جیتنے پر پاکستان ٹیم کو مبار ک باد دی ہے۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا کہ ٹیم نے معذور افراد کے عالمی دن پر ٹورنامنٹ جیت کر قوم کا سر فخر سے بلند کیا۔ محسن نقوی نے کھلاڑیوں اور مینجمنٹ کے نام مبارک باد کے پیغام میں کہا کہ ٹیم نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا۔ امید ہے کہ ٹیم مستقبل میں مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔ بلائنڈ ٹیم کو ورلڈ کپ جیتنے پر ایونٹ کے اسپانسر کی جانب سے30لاکھ روپے انعام دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔ ہیڈ آف مارکیٹنگ زوہیب حسن نے کہا ہے کہ فتح پر پوری قوم خوش ہے۔ دریں اثناء پاکستان اولمپکس ایسوسی ایشن، ہاکی فیڈریشن ، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین، اسکواش کے سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان نے قومی ٹیم کو مبارک باد دی ہے۔