• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دوسرا ٹی 20، سفیان کی یادگار کارکردگی، پاکستان 10 وکٹ سے کامیاب

کراچی (اسٹاف رپورٹر) اسپنر سفیان مقیم کی یادگار کارکردگی کے سبب زمبابوے کی ٹیم 12.4اوورز میں ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل میں اپنے سب سے کم اسکور57رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ سفیان نے صرف تین رنز دے کر پانچ وکٹ حاصل کئے۔ منگل کو کوئنز کلب بولا وایو میں پاکستان نے دوسرا ٹی ٹوئنٹی انٹر نیشنل با آسانی دس وکٹ سے جیت کر سیریز دو صفر سے اپنے نام کر لی۔ اس سے قبل اس کا سب سے کم اسکور 82 رنز سری لنکا کے خلاف تھا۔ زمبابوین ٹیم آٹھویں بار ایک سو سے کم اسکور پر آؤٹ ہوئی۔ آٹھ بیٹسمین ڈبل فیگر میں داخل نہ ہوسکے۔25 سالہ سفیان مقیم نے 16گیندوں پر تین رنز دے کر پانچ وکٹیں حاصل کیں۔ یہ اس فارمیٹ میں پاکستان کی بہترین بولنگ ہے۔ اس سے قبل عمر گل نے دو مرتبہ 6 ، 6 رنز دے کر 5،5 وکٹیں حاصل کی تھیں۔ زمبابوے نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا، اسے ابتدا سے ہی مشکل کا سامنا کرنا پڑا۔ اوپنر برین برینیٹ 21اور ٹاڈی وناشے مارومانی 16 ، ڈیون مائرس ، سکندر رضا اور ویلنگٹن مساکڈزا نے 3 ،3، کلائیو ماڈانڈا 9 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ عباس آفریدی نے 2، حارث رؤف اور ابرار احمد نے ایک ایک وکٹ لی ۔پاکستان نے ہدف بغیر نقصان کے5.3 اوور میں حاصل کرلیا۔ صائم ایوب ایک اور چھ چوکوں کی مدد سے 36 جبکہ عمیر یوسف ایک چھکے اور دو چوکوں کی بدولت 22 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

اسپورٹس سے مزید