کراچی(اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کے سہ فریقی مرحلے کے میچ کے دوسرے دن پشاور کے کپتان ساجد خان اور میرحمزہ کی عمدہ بولنگ کے نتیجے میں لاہور وائٹس پہلی اننگز میں 217 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی ۔ ساجد خان نے 56رنز دے کر 5، میرحمزہ نے 58 رنز کے عوض 3 اور نیاز خان نے دو وکٹیں حاصل کیں۔عمران ڈوگر27 ، عبید شاہد گیارہ چوکوں کی مدد سے 75 ، کپتان سعد نسیم نے 36 رنز بنائے۔ ایبٹ آباد اسٹیڈیم میں دوسرے دن کھیل ختم ہوا تو پشاور اپنی دوسری اننگزمیں 14 رنز پر3 وکٹ گنواچکی تھی۔ اسے مجموعی طور پر 129 رنز کی برتری حاصل ہے۔ قبل ازیں پشاور اپنی پہلی اننگز میں 332رنز پر آؤٹ ہوگئی۔ ساجد خان 43 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ پشاور نے دوسری اننگز کا آغاز کیا تو اس کی 3 وکٹیں صرف 2 رنز پر گرگئیں۔