کراچی (اسٹاف رپورٹر) قائداعظم ٹرافی کرکٹ ٹورنامنٹ کے سہ فریقی مرحلے کے دوسرے میچ کے پہلے دن پیر کو پشاور نے لاہور وائٹس کے خلاف اپنی پہلی اننگز میں 7 وکٹ پر 293 رنز بنائے تھے۔ ایبٹ آباد میں لاہور وائٹس نے ٹاس جیت کر پشاور کو بیٹنگ دی۔ معاذ صداقت صرف 5 رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کرسکے۔ انہوں نے 97 گیندوں پر ایک چھکے اور 16 چوکوں کی مدد سے 95 رنز بنائے۔ زبیرخان نے 11 چوکوں کی مدد سے 71 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، انہوں نے محمد حارث کے ساتھ چھٹی وکٹ کیلئے 97 رنز جوڑے ۔ محمد حارث 4 چوکوں کی مدد سے 45 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ لاہور وائٹس کی طرف سے احمد بشیر اور نسیم شاہ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔