• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

برطانیہ بھی پی آئی اے کو پروازوں کی اجازت دے، کمیونٹی شخصیات

مانچسٹر( علامہ عظیم جی) قومی ائر لائن پی آئی اے کی یورپ میں پابندی ختم ہونے کی خبر سے پاکستانی کمیونٹی میں خوشی کی لہر دوڑ گئی ، کمیونٹی رہنماؤں کا خیال ہے کہ پی آئی اے پہلے کی طرح بیرون ملک رہنے والے ہم وطنوں کی بہترین خدمت کرے گی اور پھر سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار بلیک سٹون میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے سلسلے میں ایک نشست کے موقع پر چوہدری طاہر صدیق نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک آباد پاکستانی اپنے وطن سے لازوال محبت کرتے ہیں اور وہ اپنے وطن کو ہر شعبے میں خوشحال اور مستحکم دیکھنا چاہتے ہیں انہوں نے کہا کہ پی آئی اے کی بندش پاکستانی کمیونٹی کو اپنے وطن جانے میں بہت دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا اب توقع ہے کہ پی آئی اے پہلے سے بہتر انداز میں اپنے ہم وطنوں اور اپنے ساتھ سفر کرنے والوں کی خدمت کر کے کھویا ہوا مقام حاصل کرے گی۔ انجمن گلزار مدینہ یو کے، کے سربراہ صاحبزادہ شاہد صدیق نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کے دل اپنے وطن کی خوشی کے ساتھ دھڑکتے ہیں اور وہ پاکستان کو دنیا کا ترقی یافتہ اور خوشحال ملک دیکھنا چاہتے ہیں۔ سماجی رہنما ذیشان گل نے کہا کہ یورپ سے پی آئی اے پر پابندی ختم ہونے کے بعد برطانیہ کو بھی پی ائی اے کی پروازوں کوآنے کی اجازت دینی چاہئے۔ اوورسیز ویلفیئر پاکستانیز کے چیئر پرسن مصطفی کمال شیخ نے کہا کہ پاکستان پوری دنیا میں اپنے وقار کو بحال کرنے کیلئے کوشاں ہے اس سلسلے میں اوورسیز پاکستانی بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ پاکستانی سیاست کو بیرون ملک گروہ بندی کا سبب نہیں بننا چاہئے۔ سماجی رہنما اقبال صدیقی نے کہاکہ پی آئی اے اوور سیز پاکستانیوں کیلئے پل ہے جو ہماری میتوں کو فری اور بوڑھے اور معذوروں کو بھی وطن پہنچاتا ہے۔ اس موقع پر کاروباری شخصیت کوثر رشید نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں کو پاکستان کی خوشحالی کیلئے وطن میں بھی سرمایہ کاری کرنی چاہئے۔ اس موقع پر پاکستان کی خوشحالی آزادی کشمیر اور فلسطین کیلئے دعا کی گئی۔

یورپ سے سے مزید