کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ اسمبلی کے اپوزیشن لیڈرعلی خورشیدی نے کہا کہ کے الیکٹرک میں کالی بھیڑیں موجود ہیں، ہم نے سی ای او کے الیکٹرک کو بتایا کہ شہر میں 18گھنٹے لوڈ شیڈنگ ہو رہی ہے ، علی خورشید نے الزام لگایا کہ بجلی چوری اور جنریٹر مافیا کے ساتھ کے الیکٹرک کا عملہ ملا ہوا ہے ،تفصیلات کے مطابق بجلی کے تقسیم کار اداروں کے معاملات سے متعلق سندھ اسمبلی کی خصوصی کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے چیئرمین فیاض بٹ کی زیر صدارت سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں منعقد ہوا، اجلاس کے دوران شہر میں جاری بجلی کے بحران پرکے الیکٹرک کے سی ای او اور ارکان اسمبلی کے مابین تلخی نظر آئی ،ایم کیو ایم کے رکن سندھ اسمبلی عامر صدیقی نے اس پر سخت تنقید کی،انہوں نے کہا کہ کراچی میں بجلی کا تقسیم کار ادارہ نیپرا قانون پر عمل نہیں کر رہا ہے،جس پر کے الیکٹرک کے سی ای اومونس علوی نے کہا کہ جہاں پر بل جمع نہیں ہوگا 18 گھنٹے بھی لوڈ شیڈنگ ہو سکتی ہے، ہم ہزاروں لوگوں کی بجلی کاٹ نہیں سکتے ،بعدازاں چیئرمین خصوصی کمیٹی میڈیا ٹاک فیاض بٹ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ اجلاس میں سی ای او کے الیکٹرک کا رویہ ٹھیک نہیں تھا ، ہم پاور کمپنیوں کے ساتھ بیٹھ کر مسائل حل کرنا چاہتے ہیں۔