کراچی میں وزیرِ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول سندھ مکیش چاؤلہ کی زیرِ صدارت اجلاس منعقد ہوا۔
اجلاس میں جولائی تا نومبر ٹیکس وصولی و اہداف سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ نومبر 2024ء تک 96289.659 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، جبکہ مجموعی ٹیکس وصولی کا ہدف 84669.167 ملین روپے تھا۔
بریفنگ میں بتایا گیا ہے کہ موٹر وہیکل ٹیکس کی مد میں 6532.464 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا، ایکسائز انیکٹمنٹ کی مد میں 3756.411 ٹیکس وصول ہوا، انفرااسٹرکچر سیس، بینک گارنٹی کی مد میں 85172.373 ملین روپے ٹیکس وصول کیا گیا۔
سیکریٹری ایکسائز نے بتایا کہ پروفیشنل ٹیکس کی مد میں 707.327 ملین روپے وصول ہوئے۔
وزیرِ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن نے افسران کو ٹیکس اہداف مزید بڑھانے کی ہدایت جاری کی۔
صوبائی وزیر مکیش چاؤلہ نے سیکرٹری ایکسائز کو تمام تقرریوں و تبادلوں پر پابندی عائد کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ محکمے کے افسران و عملے کی غیر حاضری ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے عملہ و افسران کو دفاتر، چیک پوسٹوں پر یونیفارم میں ملبوس رہنے کا حکم بھی جاری کیا ہے۔