لندن( نیوز ڈیسک)آکسفورڈ یونیورسٹی پریس نے ’برین روٹ‘ کو 2024ء کا لفظ قرار دے دیا۔غیر ملکی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ ڈکشنری پبلشر نے ’برین روٹ‘ (Brain rot) کو 2024ء کا لفظ قرار دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق آکسفورڈ یونیورسٹی پریس ہر سال ایک نیا لفظ ڈکشنری میں شامل کرتا ہے، رواں سال کے لیے لفظ ’برین روٹ‘ کا انتخاب کیا گیا ہے۔ برین روٹ (Brain rot) کا انتخاب 37 ہزار سے زائد افراد کے ووٹوں کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔برین روٹ بنیادی طور پر کسی فرد کی ذہنی یا دانشورانہ حالت میں تنزلی کو بیان کرنے کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، خاص طور پر کسی (آن لائن) مواد کو بہت زیادہ دیکھنے والے افراد کے لیے اس کا استعمال کیا جاتا ہے۔دلچسپ بات یہ ہے کہ یہ کوئی نیا لفظ نہیں بلکہ کمپیوٹرز کی آمد سے بھی پہلے کا ہے۔برین روٹ کی اصطلاح پہلی بار 1854ء میں ایک کتاب Walden میں استعمال کی گئی تھی لیکن 2023ء سے 2024ء کے درمیان اس لفظ کے استعمال میں 230 فیصد تک اضافہ دیکھنے میں آیا۔آکسفورڈ پریس کے مطابق اس اصطلاح نے 2024ء میں کافی مقبولیت حاصل کی کیونکہ ایسے خدشات سامنے آ رہے تھے جن کے مطابق آن لائن غیر معیاری مواد کو بہت زیادہ دیکھنے سے ذہنی حالت پر منفی اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔دلچسپ بات یہ ہے کہ کمپیوٹر کے دور سے پہلے کی اس اصطلاح ’برین روٹ‘ کو موجودہ دور کی نسل جین زی اور الفا اپنا رہی ہے۔نئی نسل اس اصطلاح کا استعمال ڈیجیٹل مواد کی تخلیق کے لیے کر رہی ہے۔ان کمیونٹیز نے سوشل میڈیا چینلز کے ذریعے اظہار کو وسعت بخشی ہے۔آکسفورڈ لینگویجز کے صدر کیسپر گارتھ ہول کے مطابق برین روٹ ورچوئل زندگی کے خطرات کی عکاسی کے لیے استعمال ہونے والا ایک لفظ ہے اور اس سے یہ علم ہوتا ہے کہ ہم اپنا فارغ وقت کیسے استعمال کر رہے ہیں۔اس سے قبل آکسفورڈ پریس نے 2023ء میں رِز، 2022ء میں گوبلن موڈ جبکہ 2021ء میں ویکس کو منتخب کیا تھا۔