نیویارک( نیوز ڈیسک)امریکی ریاست کیلیفورنیا میں 7 کی شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔امریکی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی گہرائی 10 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کا مرکز کیلیفورنیا کے جنوب مغرب میں تھا۔زلزلہ پیما مرکز کی جانب سے زلزلے کے ساتھ کیلیفورنیا اور جنوبی اوریگون کے ساحلی علاقوں میں سونامی کی وارننگ جاری کی گئی تھی بعد ازاں کینسل کردی گئی تاہم آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق سونامی کی وارننگ کے بعد بڑی تعداد میں لوگوں نے محفوظ مقامات کی جانب منتقلی کا عمل شروع کردیا جس سے سڑکوں پر ٹریفک جام ہو گیا تھا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق زلزلے کے بعد متاثرہ علاقوں میں بجلی کا نظام جزوی طور پر معطل ہو گیا جس کے باعث 10 ہزار سے زائد افراد متاثر ہوئے۔