• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا، رواں برس دہشتگردحملوں میں 275 اہلکار و شہری شہید ،460 زخمی

پشاور(نمائندہ جنگ)خیبرپختونخوا،رواں برس دہشت گردحملوں میں275اہلکاروشہری شہید ، 460زخمی، 142پولیس اہلکار شہید، 214زخمی، 133عام شہری بھی لقمہ اجل بنے،246افرادزخمی ہوئے،246دہشت گردہلاک، خیبر پختونخوا پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی ( سی ٹی ڈی) کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ میں بتایا گیا کہ صوبے بھر میں رواں برس اب تک دہشتگردوں کی جانب سے مختلف حملوں میں 275 اہلکار اور عام شہری شہید اور 460 زخمی ہوئے ہیں۔خیبر پختونخوا پولیس کے محکمہ انسداد دہشتگردی یعنی سی ٹی ڈی کی جانب سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق صوبے میں رواں سال کے دوران سب سے زیادہ 142 پولیس اہلکار شہید جبکہ 214 زخمی ہوئے ہیں، اسی طرح اب تک 133 عام شہری بھی شہید اور 246 افراد مختلف حملوں کے سبب زخمی ہوچکے ہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ صوبے میں رواں سال دہشتگردی کے636واقعات رپورٹ ہوئے، خیبرپختونخوا میں دہشت گردوں نے6خودکش حملے،113 آئی ای ڈی بلاسٹ کئے۔ صوبے میں فائرنگ کے 355 واقعات پیش آئے۔دستاویز کے مطابق رواں سال 2 ہزار 981 انٹیلی جنس بیس آپریشن کئے گئے، آپریشنز میں 246 دہشت گرد ہلاک ہوئے، مختلف کارروائیوں میں 739 دہشتگردوں کو گرفتارکیا،جس میں 29 انتہائی مطلوب تھے۔ دہشتگردوں کے قبضے سے849 کلوگرام بارودی مواد،162دستی بم7خودکش جیکٹس سمیت اسلحہ برآمد کیا گیا۔
اہم خبریں سے مزید