ٹوکیو (عرفان صدیقی) جنوبی کوریا میں جاری سیاسی بحران جاپان کیلئے تشویش کا باعث بن رہا ہے اس حوالے سے اہم تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ جنوبی کوریا کے صدر یون سک یول کے ممکنہ مواخذے کے حوالے سے ملک میں سیاسی بے چینی بڑھ رہی ہے۔ اس صورتحال نے جاپان اور جنوبی کوریا کے درمیان سفارتی تعلقات اور پہلے سے طے شدہ سرکاری ملاقاتوں کو متاثر کرنے کا خدشہ پیدا کر دیا ہے۔ جاپان جنوبی کوریا کے اندرونی معاملات کو قریب سے مانیٹر کر رہا ہے کیونکہ دونوں ممالک کے تعلقات حالیہ برسوں میں بہتر ہوئے ہیں، خاص طور پر شمالی کوریا کے جوہری خطرات اور خطے میں چین کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کے تناظر میں۔ تاہم، جنوبی کوریا میں سیاسی عدم استحکام دونوں ممالک کے درمیان جاری مثبت سفارتی پیشرفت کو متاثر کر سکتا ہے ۔