کوئٹہ(اسٹاف رپورٹر)فضل محمد فاونڈیشن کے سربراہ کمانڈر فضل محمد نورزئی نے کہا ہے کہ منشیات کی لعنت بلوچستان میں تیزی سے پھیل رہی ہے پولیو کی طرح منشیات کے خاتمے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر مہم چلائی جائے ، یہ بات انہوں نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی ۔ کمانڈر فضل محمد نورزئی نے کہا کہ منشیات کے خاتمے کے لئے حکومتی سطح پر خاطر خواہ اقدامات نہ ہونے کی وجہ سے منشیات کا ناسور تیزی سے پھیل رہا ہے ، بلوچستان میں لاکھوں ایکڑ پر افیون اور بھنگ کی کاشت ہوئی ہے جسے منشیات کا سونامی قرار دیتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی خاموشی باعث حیرت ہے اگر اس لعنت کے خلاف کارروائی نہ کی گئی تو اس سے کوئی گھر محفوظ نہیں ہوگا جو ہم سب کا نقصان اور معاشرے کی بگاڑ کا سبب بنے گا ۔ انہوں نے کہا کہ علماء کرام اپنے خطبوں میں منشیات کی لعنت کے خلاف لوگوں میں شعور اجاگر کریں ۔ ہماری تنظیم حکومت اور ڈونرز کے امداد کے بغیر اپنی مدد آپ کے تحت 22 کے قریب سینٹرز چلارہی ہیں لیکن منشیات کے عادی افراد کی تعداد میں کمی کی بجائے آئے روز اضافہ ہورہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پولیو کی طرح منشیات کے خاتمے کے لئے بھی گھر گھر مہم چلاکر اس کے روک تھام کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ منشیات فروشی اور اس کی کاشت کا نوٹس لیکر اس لعنت کو ختم کرنے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کیے جائیں ۔