بالی ووڈ اداکارہ پریانکا چوپڑا جونس کے بارے میں اطلاعات ہیں کہ وہ بالی ووڈ میں واپس آرہی ہیں۔
اس حوالے سے بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ 42 سالہ پریانکا نے بالی ووڈ میں اپنے کم بیک کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ وہ بالی ووڈ میں ڈانسنگ کو بہت مس کرتی ہیں۔
واضح رہے کہ پریانکا چوپڑا نے اپنے کیریئر کا آغاز اور شہرت ممبئی کی فلم انڈسٹری سے حاصل کی اور اپنے لیے مستحکم اور مستقل جگہ بنائی، لیکن اسکے بعد ان کی توجہ مغرب کی جانب مبذول ہوئی اور وہ امریکن ٹی وی سیریز اور ہالی ووڈ فلموں میں نظر آنے لگیں اور وہ ایک گلوبل آئیکون بن گئیں۔
اس سے قبل انھوں نے امریکی گلوکار و اداکار نک جونس سے دسمبر 2018 میں شادی کی اور بعدازاں امریکا منتقل ہوگئیں۔
انکی آخری ہندی فلم دی وائٹ ٹائیگر (2021) تھی جس میں وہ آدرش گورو اور راجکمار راؤ کے ساتھ نظر آئیں۔ جس کے بعد سے انھوں نے کسی ہندی فلم میں کام نہیں کیا، فلم بین ان کی کمی محسوس کرتے ہیں۔
اب اطلاع یہ ہے کہ وہ 2025 کی ہندی فلم میں کام کرینگی، اس حوالے سے جدہ میں منعقدہ ریڈ سی فلم فیسٹیول میں گفتگو کے دوران انکا کہنا تھا کہ وہ جلد ہی ایک بھارتی فلم سائن کرنے والی ہیں۔
انھوں نے کہا کہ میں کہیں بھی چلی جاؤں میری جڑیں وہی ہیں، یہ میرے خاندان کا حصہ ہے، جہاں میری پرورش ہوئی۔ بھارتی فلمیں ہمیشہ میرے دل کا حصہ ہیں۔