کراچی( افضل ندیم ڈوگر) شام میں حکومتی تبدیلی کے سلسلے میں کشیدہ صورتحال کے باعث ایک ہفتے سے پھنسے 318پاکستانی بیروت کے راستے چارٹر طیارے میں رات گئے اسلام آباد پہنچ گئے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے لبنانی وزیراعظم سے رابطہ کرکے شام میں پھنسے پاکستانیوں کے انخلا میں مدد کی اپیل کی تھی جس پر لبنان نے پاکستانی شہریوں کو ویزے جاری کیے۔ ان پاکستانیوں کو شام سے سڑک کے راستے لبنان پہنچایا گيا جہاں سے 318 پاکستانیوں جن میں خواتین اور بچوں کی تعداد زیادہ ہے کو خصوصی پرواز کے ذریعے پاکستان روانہ کیا گیا۔ بیروت ایئر پورٹ پر پاکستان کے سفیر نے پاکستانی شہریوں کو رخصت کیا، بیروت کی مائی وے ایئر لائنز کی چارٹرڈ پرواز ایم جے 9084نے رات سوا بجے اسلام اباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لینڈ کیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال سمیت وزیراعظم آفس، وزارت خارجہ، وزارت سمندر پار پاکستانیز اور این ڈی ایم اے کے نمائندوں نے ایئرپورٹ پر مسافروں کا استقبال کیا۔