اسلام آباد (صالح ظافر) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) نے سالم محمد الزعابی کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کر دیا جبکہ پاکستان میں تعینات اپنے سفیر حماد عبید ابراہیم سالم الزعابی کا تبادلہ کر کے انہیں مصر میں سفیر اور عرب جمہوریہ مصر میں ریاستی مشن کے سربراہ کے طور پر تعینات کر دیا ہے، جہاں وہ عرب لیگ میں یو اے ای کے مستقل نمائندے کی حیثیت سے بھی فرائض انجام دیں گے۔ وہ قاہرہ میں مریم خلیفہ جمعہ محمد الکعبی کی جگہ لیں گے جن کی مدتِ ملازمت مکمل ہو چکی ہے۔باخبر سفارتی ذرائع نے جنگ/دی نیوز کو بدھ کی شام بتایا کہ یو اے ای حکومت نے سالم محمد الزعابی کو پاکستان میں نیا سفیر نامزد کر دیا ہے، جن کے لیے یہ پاکستان میں پہلا سفارتی تقرر ہو گا۔ متحدہ عرب امارات نے اس تقرری کے لیے پاکستانی حکومت سے "ایگریمان" (تقرری کی منظوری) طلب کر لی ہے۔دلچسپ طور پر پاکستان نے بھی متحدہ عرب امارات میں تعینات اپنے سفیر فیصل نیاز ترمذی کا تبادلہ کر دیا ہے۔ اب وہ روس میں پاکستان کے سفیر ہوں گے، جب کہ ایڈیشنل سیکریٹری خارجہ سفیر شفقت علی خان کو یو اے ای میں پاکستان کا نیا سفیر مقرر کیا گیا ہے۔توقع ہے کہ اسلام آباد اور ابوظہبی میں دونوں ممالک کے نئے سفرا اکتوبر میں اپنی نئی ذمہ داریاں سنبھالیں گے۔ذرائع کے مطابق یو اے ای کے نامزد سفیر سالم محمد الزعابی متحدہ عرب امارات کی وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون میں ڈائریکٹر برائے بین الاقوامی سلامتی تعاون رہ چکے ہیں۔ انہوں نے اپنے سفارتی کیریئر کا آغاز فرانس میں یو اے ای کے دفاعی اتاشی اور نیٹو کے لیے رابطہ افسر کی حیثیت سے کیا۔ بعد ازاں وہ سگنلز کور کے کمانڈر، آرمڈ فورسز جی ایچ کیو میں ڈائریکٹر ٹریننگ، اور پھر وزارت دفاع میں پالیسی و تعاون کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر مقرر ہوئے۔ وہ میجر جنرل کے عہدے سے ریٹائر ہوئے اور 2017 کے آغاز میں وزارت خارجہ و بین الاقوامی تعاون میں شامل ہوئے۔