اسلام آباد (ساجد چوہدری ) وفاقی کابینہ نے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے تحت پاکستان کے پہلے گرین بلڈنگ کوڈ (GBCP-2023) اور بارش کے پانی کو محفوظ کرنے کے کوڈ (RWH-BCP-2023) کی منظوری دیدی ، وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے مطابق یہ نئے قومی ضوابط ملک بھر میں توانائی کی بچت، پانی کے مؤثر استعمال اور ماحول دوست تعمیرات کو فروغ دینے کے لئے ایک جامع فریم ورک فراہم کریں گے،یہ اہم اقدام وزیرِاعظم محمد شہباز شریف کے ماحول دوست ویژن کا عملی اظہار ہے جس کا مقصد صاف ستھری فضا، توانائی کا مؤثر استعمال اور ماحول کا تحفظ ہے اور جو اقوام متحدہ کے پائیدار ترقی کے اہداف سے ہم آہنگ ہے،وزیراعظم کی اس ماحول دوست دور اندیش بصیرت پر عمل درآمد میں وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی اور سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی انجینئر ساجد بلوچ نے ان ضوابط کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کیا اور ان ضوابط کی تشکیل کے دوران صوبائی حکومتوں، وفاقی وزارتوں اور دیگر متعلقہ فریقین سے وسیع مشاورت کے بعد قومی سطح پر اتفاقِ رائے حاصل کیا گیا۔