کراچی ( اسٹاف رپورٹر) وزیرِ اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سال 2019 سے اب تک تھر کول توانائی منصوبوں سے 2600میگاواٹ سے زائد بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت حاصل کی جا چکی ہے جو کہ ملک کے لاکھوں گھروں کو کم لاگت میں بجلی فراہم کر رہی ہے۔ ان منصوبوں کے ذریعے بجلی کی فی یونٹ قیمت تقریباً 4.8 روپے رہی، جبکہ درآمدی کوئلے سے پیدا ہونے والی بجلی کی قیمت تقریباً 19.5 روپے فی یونٹ ہے۔ یہ بات انھوں نے بدھ کو اپنی زیر صدارت تھر کوئلہ و توانائی بورڈ (ٹی سی ای بی) کے 29 واں اجلاس میں بتائی،وزیر اعلیٰ ہاؤس کراچی میں منعقد ہونے والے اجلاس میں تھر کے جاری توانائی منصوبوں کا جائزہ لیا گیا اور کئی اہم حکمتِ عملی پر مبنی اقدامات کی منظوری دی گئی تاکہ علاقے میں کوئلے کی کان کنی اور بجلی پیدا کرنے کی صلاحیت کو بہتر بنایا جا سکے۔