اسلام آباد (جنگ نیوز) وزارت خارجہ کے افریقہ ڈویژن نے ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ برائے افریقہ حامد اصغر خان کی زیر صدارت سفارتکاروں کے لئے سیاحت سے متعلق کانفرنس کی میزبانی کی جس کا مقصد پاکستان ٹریول اینڈ ٹورازم ایکسپو کو متعارف کرانا تھا جو 31جنوری سے 2فروری 2025تک ایکسپو سینٹر کراچی میں منعقد کی جائے گی۔ کانفرنس میں مراکش، صومالیہ، کینیا، روانڈا، ترکی، ملائیشیا، مصر، تیونس، اردن، جنوبی افریقہ، آذربائیجان کے ڈپٹی چیف آف مشنز نے شرکت کی۔افریقی ممالک کے سفیراور ہائی کمشنر بھی کانفرنس میں شریک تھے۔ کانفرنس میں شریک سفیروں نے کہا کہ پاکستان میں سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں، انفراسٹرکچر میں بہتری اور فضائی رابطوں کو فعال کرنے کی ضرورت ہے۔ حامد اصغر خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مذہبی سیاحت کے حوالے سے خصوصی اہمیت رکھتا ہے۔ ضرورت اس بات کی ہے کہ ان عوامل کو دنیا کے سامنے مناسب انداز میں پیش کیا جائے۔