فلم پشپا 2: دی رول کا دنیا بھر میں باکس آفس پر کامیابیوں کا سفر جاری ہے، اداکار الو ارجن کی فلم اب تک 1300 کروڑ روپے کا بزنس کرچکی ہے۔
اس طرح اس فلم نے کناڈا فلموں کے اداکار نوین کمار گوڑا المعروف یش کی 2022 کی بلاک بشٹر فلم ’کے جی ایف چیپٹر ٹو‘ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے، جس کی مجموعی آمدنی 1215 کروڑ کے لگ بھگ تھی۔
اس سے قبل یہ فلم بالی ووڈ سپر اسٹار شاہ رخ خان کی فلم جوان کو بھی پیچھے چھوڑ چکی ہے۔ جبکہ پشپا 2 کو ابھی ریلیز ہوئے صرف 11 دن ہوئے ہیں۔
حالانکہ اس دوران الو ارجن فلم کی پریمیئر کے دوران بھگدڑ مچنے سے ایک خاتون کے کچل کر ہلاک ہونے کی وجہ سے بننے والے کیس میں گرفتار ہوئے لیکن عدالت نے انھیں ضمانت پر رہا کر دیا۔
اس صورتحال کی وجہ سے وہ لوگوں کی توجہ کا مرکز بنے رہے، لیکن اس سب کے باوجود فلم پشپا ٹو نے گلوبل باکس آفس پر اپنا غلبہ قائم رکھا ہوا ہے۔
واضح رہے کہ ہدایتکار سوکومار کی یہ بلاک بسٹر فلم پانچ دسمبر کو تھیٹر پر ریلیز ہوئی تھی تب سے اب تک (آج پیر کے دن تک) 11 دنوں میں فلم 1300 کروڑ روپے سے زیادہ کا بزنس کرچکی ہے۔