• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 500 افراد جاں بحق

— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

کراچی میں ٹریفک حادثات کی شرح میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، رواں سال ٹریفک حادثات میں تقریباً 500 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔

کورنگی ناصر جمپ کے قریب گزشتہ دنوں ٹریفک حادثے میں جاں بحق ہونے والا 5 ماہ کا بچہ والدین کی اکلوتی اولاد تھا جو شادی کے 13 سال بعد پیدا ہوا تھا۔

یہ حادثہ سڑک کی ٹوٹ پھوٹ کے باعث پیش آیا تھا۔

جیو نیوز سے گفتگو میں معصوم شاہ میر کے والد عبد الحمید نے بتایا کہ سڑک خراب تھی، جس کے باعث میری بائیک نے توازن کھو دیا اور میرا بیٹا اپنی والدہ کی گود سے گر گیا اور پیچھے سے آتا ہوا ٹریلر بیٹے پر چڑھ گیا۔

مرنے والے کمسن بچے کے تایا نے بتایا کہ کورنگی روڈ ناصر جمپ کے اطراف دکانوں نے آدھی سڑک گھیر رکھی ہے اور باقی سڑک ٹوٹی ہوئی ہے۔

علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ کورنگی روڈ پر حادثات معمول بن گئے ہیں، دن میں پابندی کے باوجود ٹریفک پولیس ہیوی ٹریفک کو کورنگی روڈ پر چلنے دیتی ہے۔

کراچی میں رواں سال ٹریفک حادثات میں 500 کے لگ بھگ جانیں ضائع ہوچکی ہیں مگر حادثات کی روک تھام کے لیے سنجیدہ اقدامات نظر نہیں آ رہے۔

خاص رپورٹ سے مزید