کراچی (اسٹاف رپورٹر) رینجرز اور سی ٹی ڈی نے قائد آباد سے دہشت گردی، قتل، اقدام قتل اور بھتہ وصولی کی متعدد کارروائیوں میں ملوث فتنہ الخوارج (TTP) سے تعلق رکھنے والے تین انتہائی مطلوب ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ گرفتار ملزمان محمد جاوید سواتی عرف بھائی جان ، شاہد حسین عرف عمر اور اکبر زیب خان کے قبضے سے اسلحہ و ایمو نیشن اورد ھما کہ خیز مواد بھی بر آمد کر لیا گیا ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزمان کا تعلق فتنہ الخوارج سوات گروپ سے ہے۔ترجمان رینجرز کے مطابق ملزم جاوید سواتی عرف بھائی جان 2008 میں فتنہ الخوارج سوات گروپ میں شامل ہوا اور سوات میں کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح اور بن یامین کے گروپ کے ساتھ سوات میں انتہائی متحرک رہا۔ ملزم کے دو بھائی شاہد اور زاہد سوات میں سکیورٹی فورسز کے آپریشن میں ہلاک ہوگئے تھے اور ملزم اپنی فیملی کے ہمراہ سوات آپریشن کے بعد کراچی میں شفٹ ہوا اور مختلف مقامات پر روپوش رہا۔ ملزم سال 2012 میں کراچی سے گرفتار ہوا اور سوات میں عرصہ تقریباً 14ماہ تک جیل میں رہا۔جیل سے رہائی کے بعد ملزم گلشن بونیر لانڈھی میں شفٹ ہوا جبکہ ملزم کے قریبی ساتھی کمانڈر عمرالرحمان عرف استاد فاتح، عبد الرحمان عرف شہزاد، حبیب اللہ عرف معاویہ کنڑ افغانستان میں شفٹ ہوگئے ۔ ملزم کے کمانڈر عمر الرحمان عرف استاد فاتح ، عبد الرحمان عرف شہزاد اور حمید اللہ عرف اظہار سے انتہائی قریبی تعلقات تھے اور بذریعہ واٹس ایپ مسلسل رابطے میں تھے ۔